ایبٹ اباد کو انتہائی فرض شناس ڈی ایچ او مل گئے
ڈاکٹر شہزاد اقبال ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ابیٹ أباد تعینات نوٹیفیکشن جاری
ایبٹ آباد (سردار ظہیر احمد خان) ڈسٹرکٹ ایبٹ آباد میں صحت کے شعبے کو نئی جلا بخشنے والے فرض شناس، مخلص اور انتہائی قابل طبی ماہر ڈاکٹر شہزاد اقبال کو اعلیٰ حکام نے ان کی شاندار کارکردگی، شرافت اور بے مثال پیشہ ورانہ مہارت کے اعتراف میں مستقل بنیادوں پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ایبٹ آباد تعینات کر دیا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ احکامات جاری کر دیے گئے ہیں، جس پر محکمہ صحت کے ملازمین اور ضلع بھر کے عوامی و سماجی حلقوں میں خوشی اور اطمینان کی لہر دوڑ گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر شہزاد اقبال نے ضلع ایبٹ آباد میں پہلے تین مہینے بطور ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر انتہائی تندہی سے کام کیا۔ ان کی غیر معمولی صلاحیتوں کو دیکھتے ہوئے اعلیٰ حکام نے انہیں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ایبٹ آباد کا ایڈیشنل چارج بھی سونپ دیا۔ ڈاکٹر شہزاد اقبال نے مسلسل 10 ماہ تک دونوں اہم اور بھاری عہدوں پر دن رات ایک کر کے اپنے فرائض سرانجام دیے۔ انہوں نے نہ صرف دفتری امور کو مثالی انداز میں چلایا بلکہ ضلع بھر میں صحت عامہ کی سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ ان کی اسی دن رات کی محنت، دیانت داری اور محکمہ حسن کارکردگی کا نتیجہ ہے کہ آج اعلیٰ حکام نے ان پر مکمل اعتماد کرتے ہوئے انہیں مستقل طور پر ڈی ایچ او ایبٹ آباد کی اہم ذمہ داری سونپ دی ہے۔ ڈاکٹر شہزاد اقبال کی اس مستحقانہ ترقی اور مستقل تعیناتی پر سول سوسائٹی، سوشل میڈیا اور تمام سماجی و عوامی حلقوں میں انہیں دل کھول کر مبارکباد پیش کی جا رہی ہے۔ اسلامآباد ٹوڈے سے خصوصی ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے جب ان سے سوال کیا گیا کہ یہ کامیابی کیسے ممکن ہوئی؟ تو انہوں نے انتہائی عاجزی اور انکساری کا مظاہرہ کرتے ہوئے جواب دیا کہ “یہ سب میرے رب العزت کا خاص کرم اور میری شب و روز کی محنت کا ثمر ہے۔ آنے والے وقت میں بھی میری یہی اولین کوشش ہوگی کہ میں عاجزی پر قائم رہوں اور مخلوقِ خدا کی جتنی ممکن ہو سکے، بلا تفریق خدمت کر کے اپنے فرائضِ منصبی کا حق ادا کروں۔” ڈاکٹر شہزاد اقبال کے اس عزم اور مخلصانہ جذبے کو عوامی سطح پر بے حد سراہا جا رہا ہے۔